سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں میں مصروفیت، اداکار شان نے فلم ضرار کی نمائش 25نومبر تک ملتوی کردی

لاہور (آن لائن) سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں میں مصروفیت کے باعث اداکار شان کی فلم ضرار کی نمائش 25نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ضرار کو پاکستان کے ساتھ دنیا کے دیگر خطوں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور مڈل ایسٹ میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضرار میں شان نے نہ صرف اداکاری کے جوہر دکھا ئے ہیں بلکہ اس کے پروڈکشن اور ڈائریکشن کے فرائض بھی خود سر انجام دئیے ہیں۔تھرلر فلم کی اسٹار کاسٹ میں کرن ملک، سینئر فنکار ندیم بیگ،رشید ناز،شفقت چیمہ اور نئیر اعجاز سمیت دیگر شامل ہیں۔فلم کی کہانی سسپنس اور ایکشن سے بھرپور ایک سیکرٹ آپریشن کا احاطہ کرتی ہے۔ضرار کی نمائش ڈسٹری بیوشن کلب کے اشتراک سے دنیا بھر کے سینماؤں میں کی جائے گی۔ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد نے بتایا کہضرار ایک ایسا پراجیکٹ ہے جس کا نہ صرف فلمی صنعت سے وابستہ افراد بلکہ عام شائقین بھی شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلیف سرگرمیوں میں فنکاروں کی شمولیت کے باعث فلم کی تشہیری مہم متاثر ہورہی تھی جس کے باعث ریلیز کی تاریخ کو 25نومبر تک ملتوی کیا گیا ہے۔