آئٹم سانگ نہیں کہانی کے مطابق گانے پر ڈانس کروں گی: ماہرہ خان

لاہور (آن لائن) اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی فلم کے اسکرپٹ اور اس کی ضرورت کے مطابق گانے میں ڈانس تو کریں گی مگر وہ کسی طرآئٹم سانگ’نہیں کریں گی۔ ”آئٹم سانگ“ یا ”آئٹم نمبر“بالی ووڈ میں استعمال کی جانے والی عام اصطلاح ہے، جس کا مطلب کسی بھی فلم میں شامل ایسا گانا جس میں پرفارمنس کرنے والی اداکارہ یا اداکار کو ڈانس کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ آئٹم سانگ نہیں کر سکیں گی اور نہ ہی وہ آئٹم نمبر ان کے لیے ہے۔مجھے آئٹم سانگ یا آئٹم نمبر لفظ ہی سمجھ نہیں آتا۔آئٹم نمبر یا آئٹم سانگ کو کسی بھی فلم میں اسکرپٹ کے بغیر بھی شامل کیا جاتا ہے۔ پاکستانی اور بھارتی فلموں میں زیادہ تر آئٹم سانگ یا آئٹم نمبر گانے اداکاراؤں پر مشتمل ہوتے ہیں، جن میں کسی بھی اداکارہ کو مختصر لباس میں بولڈ انداز میں بہت سارے مرد ڈانسرز کے ساتھ ڈانس کروایا جاتا ہے۔ ماہرہ خان نے ماضی میں ”نوری“ اور ”مورے سیاں“ جیسے گانے بھی کیے، جنہیں آئٹم نمبر کہا گیا۔تاہم اب اداکارہ نے واضح کیا کہ انہیں لگتا ہے کہ آئٹم سانگ یا آئٹم نمبر ان کے لیے نہیں اور نہ ہی وہ ایسے گانوں میں پرفامنس کر سکتی ہیں، ہاں البتہ وہ فلم کی کہانی کے مطابق کسی بھی گانے میں ڈانس ضرور کریں گی۔