پولینڈ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک روسی نگرانی ڈرون نے مختصر وقت کے لیے سرحد عبور کر کے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ پولش وزارت خارجہ نے روسی سفیر کو طلب کر کے سخت الفاظ پر مبنی احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔
نائب وزیر دفاع پاویل زالیوسکی کے مطابق یہ خلاف ورزی ممکنہ طور پر جان بوجھ کر کی گئی۔ پولینڈ کی آپریشنل کمانڈ نے بتایا کہ ڈرون کو مار گرانے کی اجازت دے دی گئی تھی، تاہم وہ گنجان آباد علاقے کے اوپر سے مشرق کی جانب مڑ گیا، اس لیے کارروائی نہیں کی گئی۔
زالیوسکی کے مطابق نیٹو پولینڈ میں ایک اواکس نگرانی طیارہ تعینات کرے گا۔ روسی سفارت خانے نے اس معاملے پر فوری ردعمل نہیں دیا۔



