پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا پر بچوں کے فارمولا دودھ کے اشتہارات پر پابندی لگا دی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے الیکٹرانک میڈیا پر تجارتی طور پر تیار کردہ بچوں کے فارمولا دودھ کے اشتہارات اور تشہیر پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے اور براڈکاسٹرز کو ایسے اشتہارات نشر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ اقدام وزارت قومی صحت کے 18 نومبر کے خط کے بعد کیا گیا جس میں تحفظ رضاعت و غذائیت اطفال آرڈیننس 2002 پر عملدرآمد کا کہا گیا تھا۔ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک قانونی تقاضے پورے کر کے متعلقہ محکمے یا ہیلتھ ریگولیٹر سے اجازت حاصل نہیں کی جاتی۔

اس ماہ کے آغاز میں سینیٹ کی ایک کمیٹی نے وزیر صحت مصطفیٰ کمال پر زور دیا تھا کہ اس آرڈیننس پر عملدرآمد کرایا جائے، جو کمیٹی کے مطابق 20 سال سے زائد عرصے سے بڑی حد تک نافذ نہیں ہو سکا۔