ورلڈ کلچر فیسٹیول: 33ویں روز مزاح سے بھرپور تھیٹر”بوئنگ بوئنگ“ پیش کیا گیا

ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ آب و تاب سے جاری ہے، آرٹس کونسل کراچی، جیو اور جنگ کے اشتراک سے جاری میلے کے 33ویں روز مزاح سے بھرپور تھیٹر ”بوئنگ بوئنگ“ پیش کیا گیا۔

ڈرامہ ڈاکٹر انور سجاد نے لکھا، عازیب خان نے ہدایت کاری کی جبکہ محمد عاصم اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے، کاسٹ میں احمر حسین، شیزہ خان، اقصیٰ گل، ایاز علی، ارم بشیر اور حماد خان شامل تھے۔

”بوئنگ بوئنگ“ ایک مزاحیہ تھیٹر تھا جو اردو اور انگریزی زبان میں پیش کیا گیا، ڈرامے کا دورانیہ 70منٹ تھا، تھیٹر دیکھنے کےلیے شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تھیٹر میں فنکاروں کی جانب سے پیش کی گئی مزاحیہ اداکاری پر ہال قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔ شائقین نے تھیٹر کو خوب پسند کیا اور داد دی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ آج کا پلے ہمارے آرٹس کونسل کے نوجوان کا ہے یہ نوجوان باقی سارے بچوں کی طرح میرے پاس آئے تھے، ہم نے یوتھ فیسٹیول کیا تھا جس میں ہم بچوں کی ٹریننگ کرتے تھے، اس وقت شہر میں لاشیں بکھری ہوتی تھیں اس دوران عازیب نے تھیٹر کی کلاسز لینا شروع کیں، آج یہ ہماری اکیڈمیز سمیت یوتھ ایمبیسیڈر پروگرامز سنبھالتا ہے۔