پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو متعدد بلاک بسٹر ڈرامہ سیریلز دینے والے اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر نبیل ظفر نے کہا ہے کہ وہ ڈرامہ سیریل میں کبھی بھی والد کا کردار ادا نہیں کریں گے۔
مشہور کامیڈی ڈرامہ سیریل ’بلبلے‘ کے مرکزی کردار، اداکار نبیل ظفر نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے ایک پوڈ کاسٹ ریکارڈ کروائی ہے۔
پوڈ کاسٹ میں اپنے دلچسپ انٹرویو کے دوران اداکار کا شکوہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈراموں کے اسکرپٹ مضبوط اور منفرد نہیں رہے ہیں، وہ اچھے اسکرپٹ کے انتظار میں ہیں، جب تک اچھا اسکرپٹ نہیں ملے گا وہ کردار کے لیے ہاں نہیں کہیں گے۔
اداکار نے ڈراموں میں مزید کام نہ کرنے اور آن اسکرین والد کا کردار ادا نہ کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ حال ہو گیا ہے کہ جب کوئی فلم کامیاب نہیں ہوتی تو اس فلم کا اسکرپٹ اٹھا کر ڈرامہ بنادیا جاتا ہے، ہم نے ڈراموں کو فلم بنا دیا ہے جو کہ بہت غلط ہے۔



