صدر عارف علوی کی اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کی شدید مذمت

اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی اسرائیل کی وحشیانہ کاروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اجلاس بلائیں۔ ایوانِ صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر عارف علوی نے کہا میں غزہ میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم اور قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہوں۔اسرائیل نے بچوں، خواتین اور معصوم لوگوں کو قتل کرکے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔انسانی تاریخ میں کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پر ظلم اور بربریت نہیں دیکھا گیا جس کا مظاہرہ اسرائیل کررہا ہے۔فلسطینیوں کیلئے پانی، بجلی، خوراک اور ادویات کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی ہے، صدر مملکت نے کہا یہ امر افسوسناک ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینی عوام کی نسل کشی سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔میں اقوام متحدہ اور او آئی سی پر زور دیتا ہوں کہ وہ اسرائیل کی وحشیانہ کاروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اجلاس بلائیں۔فلسطین میں مزید بربادی اور انسانی تباہی کو روکنے کے لیے ضروری طبی امداد، خوراک اور دیگر سامان فوری طور پر روانہ کریں۔پاکستان فلسطینی عوام کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو خطے میں پائیدار امن و استحکام کا واحد حل ہے۔