ہماری کوشش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں،آغا سراج درانی

کراچی(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں۔ اپنے ایک بیان میں سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغاز سراج درانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی الیکشن کے لیے تیار ہے، تاریخ کا انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی میں کہا تھا کہ پناہ گزینوں کو واپس بھیج دیا جائے۔سراج درانی کا کہنا ہے کہ افغان پنا گزینوں کی سرپرستی سے متعلق ثبوت ہیں تو پیش کریں۔قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنما خورشیداحمد شاہ نے کہاہے کہ میاں صاحب آپ آئیں اور جیل جائیں آپ ہیرو بن جائیں گے، گارنٹی دیتا ہوں کہ شہبازشریف ان کی سیٹ پر قبضہ نہیں کریں گے،میاں صاحب ہم برے وقت میں آپ کیساتھ رہے ہیں، آئیں الیکشن کرائیں پارلیمنٹ میں آئیں، خدا کے واسطے میاں صاحب آپ کو ہوش آنا چاہیے، کیوں الیکشن میں تاخیر چاہتے ہیں۔خورشیدشاہ نے کہا کہ آئین ہمیں الیکشن میں تاخیرکی کوئی گنجائش نہیں دیتا، پہلے بھی آئین کی خلاف ورزی اب بھی آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، الیکشن میں تاخیرکریں گے توآئین کی خلاف ورزی ہوگی جودرست نہیں۔انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہرموسم میں،تمام قسم کے حالات میں الیکشن ہوئے اب کیامسئلہ ہے، آئین کی پاسداری رکھنی ہے تو پرانی حلقہ بندیوں پرہی الیکشن کرالیتے۔پی پی رہنما نے کہا کہ جنوری کے آخری ہفتے میں بھی الیکشن نہ ہوئے تو آگے بلیک کوریڈور ہے، ہم حکومت نہیں چاہتے، ہم پاکستان،جمہوریت اورپارلیمنٹ چاہتے ہیں، دوسری جماعتوں کو الیکشن سے خوف ہے لیکن پیپلزپارٹی پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی نے قربانیاں دی ہیں، جلاوطنی سے جمہوریت کیلئے واپس آرہے ہیں توآئیں الیکشن کرائیں، خدا کے واسطے جمہوری اور سیاستدان بنیں، الیکشن کراکرپارلیمنٹ بحال کریں۔ ن لیگ سے متعلق خورشید شاہ نے کہا کہ کہا تھا کہ آخر میں یہ لوگ کہیں گے ہمارافیصلہ اللہ کریگااورانہوں نے کہہ بھی دیا۔