عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت درخواست گزار خالد محمود خان کا وکیل پیش ہوا، جس نے کہا کہ ’پی ٹی آئی چیرمین کو توشہ خانہ کیس میں سزا ہوچکی ہے، نواز شریف کیس میں سپریم کورٹ کا آرڈر موجود ہے۔اس موقع پر ممبر الیکشن کمیشن سندھ نے دریافت کیا کہ الیکشن ایکٹ میں اس حوالے سے کیا ہے؟‘ اس کا جواب دیتے ہوئے وکیل نے کہا کہ ’پولیٹیکل پارٹیز آرڈر میں یہ شق موجود تھی، الیکشنز ایکٹ میں یہ شق تو موجود نہیں ہے‘ اس بات پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ’اگر آج ہائیکورٹ میں چیرمین پی ٹی آئی کی اپیل منظور ہوجاتی ہے تو کیا ہوگا؟‘ اس سوال کے جواب میں وکیل کا کہنا تھا کہ اگر اپیل منظور ہوجاتی ہے توچیرمین تحریک انصاف عہدے پر واپس آجائیں گے‘ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا کہ ’نواز شریف اور اس کیس میں کیا فرق ہے؟‘ وکیل نے جواب دیا کہ ’نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا، چیئر مین تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن نے اور ٹرائل کورٹ نے فیصلہ کیا‘ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے چیرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کے کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا۔