پشاور (آن لائن) پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہا کہ ہم جو وعدہ کریں گے، جو منشور دیں گے اس پر 100 فیصد عمل کریں گے، اپنی پارٹی چلا رہا ہوں کسی کو توڑنے جوڑنے کے لیے نہیں آیا۔ تفصیل کے مطابق مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر علامہ محمد شعیب ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا علماء کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، ہم نے علماء کرام کے لیے وظیفہ بھی مقرر کیا تھا، مساجد میں سولر سسٹم کا آغاز ہم نے کیا تھا۔ صوبہ بھر میں 40 فیصد مساجد کو سولرائز کیا گیا تھا، علماء ہماری جماعت کا اہم حصہ ہیں، ان کے ساتھ مل کر دین کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، بطور وزیراعلیٰ میں ہر 3 ماہ بعد علماء کونسل کے ساتھ میٹنگ کرتا تھا، صوبے میں دین کیلئے بہت کام کئے ہیں، کسی حکومت نے مساجد نہیں بنائیں، ہم نے مساجد تعمیر کرنا شروع کیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کرسی نہیں بہتری چاہتا ہوں تاکہ عوام کو فائدہ پہنچا سکوں، نظام ٹھیک کرنا اور اصلاحات لانا چاہتے ہیں، امن ہماری پارٹی کا نعرہ ہے، قوم سے جھوٹے وعدے نہیں کریں گے۔ ہم خدمت کے لئے آئے ہیں، عوام اور دین کی خدمت ایک ساتھ چلتی ہے، ہمارا کام صرف کرسی کے لئے نہیں ہے، صوبے میں 5 سال وزیراعلیٰ رہا ہوں، بطور وزیراعلیٰ کوشش کی کہ لوگوں کی زندگی آسان ہو۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا ہم نے اس صوبے میں نظام کو ٹھیک کرنا ہے، ہم نے پہلے بھی کارکردگی دکھائی، ہماری پارٹی کا نعرہ ہے ہم امن چاہتے ہیں، امن ہوگا تو خوشحالی آئے گی، میں صرف نعرے نہیں لگاتا۔پرویز خٹک نے کہا کہ جو کہیں گے وہی کریں گے ہم جھوٹے وعدے اور غلط کام نہیں کریں گے، لوگ تو منشور دیتے ہیں پھر الیکشن کے بعد منشور پر عمل نہیں ہوتا، ہم جو وعدہ کریں گے، جو منشور دیں گے اس پر 100 فیصد عمل کریں گے۔ پرویز خٹک نے مزید کہا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے الیکشن کمیشن کو اختیار دیا اب ڈرامے کر رہے ہیں۔
Load/Hide Comments



