لاہور (آن لائن) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے صوبہ بھر میں روٹین امیونائزیشن کوبہتر بنا یا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں پولیو،ڈینگی، آشوب چشم پر قابو کیلئے اقدامات اور صحت کے شعبے میں کی جانیوالی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹھ اضلاع راولپنڈی، گوجرانوالہ،ڈی جی خان، بہاولنگر، بہاولپور، جھنگ، گجرات اور پاکپتن میں میں روٹین امیونائزیشن بہتر بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ صوبہ میں جاری قومی انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے اور مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیو اور ڈینگی کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔سیکرٹری صحت علی جان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر کی انسداد پولیو مہم میں پنجاب کے 36اضلاع میں دو کروڑ 20لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسیئن پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی مہم کے تحت لاہور میں روٹین امیونائزیشن کی شرح میں 15.3فیصد اضافہ ہوا ہے۔آشوب چشم کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے ہسپتالوں میں تمام ضروری انتظا ت کئے گئے ہیں اور اب اس میں کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے لاہور اور راولپنڈی میں ہائی الرٹ ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
Load/Hide Comments



