آشوب چشم:پنجاب میں جمعرات اورہفتہ کوسکولوں میں تعطیل کا اعلان

لاہور(آن لا ئن)صوبے میں آشوب چشم کی بڑھتی وبا کے پیش نظر نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے(آج) جمعرات سے ہفتہ تک نجی اور سرکاری سکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راوی روڈ پر قائم گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا اچانک دورہ کیا،جہاں طالبات نے سکول میں روشنی اور پنکھے کم ہونیکی بھی شکایت کی۔حکومتی ہدایات کے باوجود سکول میں آشوب چشم کے شکار طلبہ و طالبات حاضر تھے،جس پر نگراں وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔آشوب چشم کے شکار طلبہ کی سکولوں میں حاضری پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری سکول کو فوری طور پر سکول طلب کرلیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام نجی اور سرکاری سکولوں میں جمعرات اور ہفتہ کی چھٹی دینے کی ہدایت جاری کردی جبکہ 12 ربیع الاول کو عید میلادالنبی کی چھٹی ہوگی۔ سوموار کو صبح تمام سکولوں کے باہر بچوں کو داخلے کے وقت اساتذہ چیک کریں گے،جن بچوں میں آشوب چشم کی شکایت ہوئی انکو واپس گھروں کوبھیج دیا جائیگا۔واضح رہے کہ لاہوراوردیگر شہروں میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے مرض سے سکول کالجز کے طالبعلموں سمیت عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق لاہورشہر میں اب تک آشوب چشم کے وائرس سے تین ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔