راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اسلام اور معاشرے میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے،مہذب معاشرے میں کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے صدر بشپ (چرچ آف پاکستان اور بشپ آف رائے ونڈ) ڈاکٹر آزاد مارشلنے مسیحی برادری کے 13 رکنی وفد کے ہمرا ہ ملاقات کی ہے۔ مسیحی برادری کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مذہبی اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے قومی ترقی میں پاکستانی کرسچن کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ معیاری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور انسان دوست خدمات کے فروغ اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کا کردار ہمیشہ شاندار رہا ہے۔ آرمی چیف نے مسیحی برادری کے لیے گہرے احترام کا اظہار کیا اور متحدہ اور ترقی پسند پاکستان کے قائد کے حقیقی ویژن پر عمل کرنے کے لیے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور اسلام اور معاشرے میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ مہذب معاشرے میں کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔مسیحی برادری کے ارکان نے دہشت گردی سے نمٹنے اور ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے آرمی چیف کے اس اقدام کو سراہا جوپاکستانی اقلیتوں کے لیے قوم کی تعمیر میں زیادہ سے زیادہ فعال حصہ لینے اور ایک مربوط اور روادار معاشرے میں اپنا اعتماد بحال کرنے کے لیے ایک تحریک ہے۔
Load/Hide Comments



