گجرات (آن لائن) مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر میدان میں اتریں گے جبکہ سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے اتحاد پرویز الہٰی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے کیا تھا۔گجرات میں چوہدری ظہور الہٰی کی 42 ویں برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی شرکت کی۔چوہدری سالک حسین نے تقریب سے خطاب میں کہا آج خاندان کے جو لوگ موجود نہیں اس میں ان ہی کا قصور ہے۔چوہدری سالک حسین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب سب کچھ چوہدری شجاعت ہیں دوسرا کوئی نہیں۔ دریں اثناء چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ن لیگ اور ہم نے کمیٹیاں بنا دی ہیں، ن لیگ کی کمیٹی میں رانا ثناء اللہ، ایاز صادق اور سعد رفیق جبکہ ق لیگ کی طرف سے کمیٹی میں چودھری سالک حسین، طارق بشیر چیمہ اور چودھری سرور شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، لیکن امید ہے کہ اس بار سندھ سے بھی ق لیگ کی کچھ سیٹیں نکلیں گی۔سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کی جانب سے یہ بھی بیان آ رہا ہے کہ شاید سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لیں، اگر ن لیگ والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں بھی کرتے تو ہم اوپن الیکشن کیلئے تیار ہیں، پنجاب میں ہم اپنے 15 سے 20 امیدوار انتخابی میدان میں اتاریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرانے کا کہہ دیا ہے، اب الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی سمیت ہر ایک کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیے، ہم تو الیکشن کی اسی طرح ہی تیاری کرتے رہیں گے اور ہر حال میں الیکشن لڑیں گے۔چودھری شافع کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، ٹرانسفر پوسٹنگ کے بھی پیسے لئے گئے، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو لیگل کروانے کے پیسے لیے گئے۔
Load/Hide Comments



