جیل کا کھانا کھانے سے طبیعیت ٹھیک نہیں رہتی،ڈاکٹر کی سہولت بھی اب نہیں رہی، چوہدری پرویز الٰہی

اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جیل کا کھانا دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے طبعیت ٹھیک نہیں رہتی، پہلے ڈاکٹر کی سہولت تھی اب اس میں بھی مسائل کھڑے کردیئے گئے ہیں۔ دہشتگردی عدالت میں سابق وزیراعلیٰ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف دونوں بھائی ہیں آج مہنگائی سے مڈل کلاس طبقہ بھی ختم ہوچکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیل میں گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی جاری ہے جیل کا کھانا کھانے سے طبعیت خراب ہوگئی ہے پہلے ڈاکٹر کی سہولت دی جارہی تھی اب اس میں بھی مسائل کھڑے کرنا شروع کردیئے ہیں میں عدالتوں سے انصاف کا منتظر ہوں امید ہے عدالتیں انصاف کرینگی۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ الیکشن بروقت ہونے چاہیے الیکشن نہ ہونے سے نظام رکا ہوا ہے۔کیا الیکشن سے پہلے آپ باہر آجائینگے کے سوال کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ بات اللہ ہی بہتر جانتا ہے جو حالات چل رہے ہیں تمام سیاستدانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کرالینی چاہیے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات پر کچھ نہیں کرسکتا چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات کرونگا۔ ایک اور سوال کہ بلاول کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور پرویز الٰہی اندر ہیں یا باہر کوئی فرق نہیں پڑتا کہ سوال کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ بلاول کو اپنی سالگرہ منانے دیں۔کیا نواز شریف کے آنے کی تاریخ پھر بدل رہی ہے کہ جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف خود بھی بدل گیا ہے.