نواز شریف کی واپسی کی 21اکتوبر کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،جاوید لطیف

اسلام آباد(آن لائن)سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہر ظلم سہا اور ریاست کیلئے قربانی دی،جب عوامی مینڈیٹ قبول نہیں کرتے تو ریاست نہیں چلا سکتے، نواز شریف کی ڈکشنری میں ذاتی انتقام کا لفظ شامل نہیں،2017 کے کرداروں کو بے نقاب کر کے کٹہرے میں لایا جائے،9 مئی کرداروں کو کٹہرے میں لائیں گے تاکہ دوبارہ اس طرح کے سانحات نہیں ہونگے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا 2014سے2017 تک کسی کو نکالنے اور لانے کا ارینجمنٹ کیا گیا۔سیاستدانوں کے ساتھ دیگر کرداروں کو بھی کٹہرے میں لانا چاہئے۔اگر پھر آر ٹی ایس بیٹھا تو یہ ملک کے لئے بہتر نہیں ہو گا۔سیاسی ورکر کٹہرے میں آسکتا ہے تو دیگر کردار بھی کھڑے ہو سکتے ہیں۔نظر آرہا ہے دو تہائی اکثریت سے ن لیگ الیکشن میں کامیاب ہو گی۔جب عوامی مینڈیٹ قبول نہیں کرتے تو ریاست نہیں چلا سکتے۔ انہوں نے کہا ہمارے بیانیے کی وجہ سے ادارے نے کہا کہ ہم اے پولیٹیکل ہو گئے۔ہمارے بیانیے کی وجہ سے ایک ادارے نے خود احتساب کا عمل کیا۔نواز شریف کی واپسی کی 21اکتوبر کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ دوست ممالک کے وفود کی نواز شریف سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔نواز شریف سے وفود کی ملاقاتوں میں شہباز شریف کا ہونا لازمی ہے۔انہوں نے کہا مریم نواز شیڈول کے مطابق لندن گئی ہیں۔یہ بھی درست ہے نواز شریف نے مریم نواز کو ملاقات کیلئے بلایا ہے۔مریم نواز کا شیڈول طے شدہ تھا، شہباز شریف کو نواز شریف نے بلایا ہے۔مینار پاکستان پر لائٹس نہیں لگائی جا رہی ہیں، دن میں جلسہ ہو گا۔