الیکشن کمیشن ہی صرف الیکشن کروا سکتاہے، چودھری سالک

گجرات (آن لائن)سابق وفاقی وزیر و رہنماء مسلم لیگ ق چوہدری سالک حسین نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کو بار بار گرفتار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بے شک پرویز الہی دوسری جماعت کے رکن و صدر ہیں، مگر انہیں ثبوت کے بغیر پکڑ کر ہراسمنٹ کرنا غلط ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ان کے خلاف کرپشن کے شواہد ہیں تو وہ سامنے آنے چاہیں، چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ پرویز الہی سے جیل ملاقاتوں میں سیاسی بات نہیں گلہ کیا۔پرویزالہی نے میری بات کی تائید کی، بولے جیل سے باہر آؤں گاتوسب ٹھیک کر لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی کو پارٹی میں واپس لانے کیلئے جیل میں ملاقاتیں نہیں کیں، شجاعت حسین ان کی خیریت دریافت کرنا چاہتے تھے،۔ن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی طرف نہیں جارہے تھے، ہماری اپنی جماعت ہے، انکے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے زیادہ کچھ نہیں ہوگا۔ الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سالک حسین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ہی صرف الیکشن کروا سکتا ہے، صدر یا نگران وزیر اعظم کچھ نہیں کر سکتے، الیکشن کمیشن نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ پہلے حلقہ بندیاں ہوں گی پھر الیکشن ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کسی ایک جماعت کا نہیں ہر کسی کا مسئلہ ہے، مہنگائی کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے سنجیدگی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔