نواز شریف معاشی بدحالی، مہنگائی، بے روزگاری کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیں گے: مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کی واپسی بحرانوں کی سیاہ تاریک رات میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سحر ہے، پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنے آرہا ہے، نوازشریف اپنے ریلیف کے لئے نہیں بلکہ قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی اور لاقانونیت کی تکلیف سے نجات دلانے آرہا ہے، ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن، معاشی ترقی، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے، عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں، وعدہ ہے معاشی بدحالی، مہنگائی، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، تین دفعہ عوام نے محمد نوازشریف پر اعتماد کیا، انہیں وزیراعظم بنا کر ملک کی خدمت کا موقع دیا، نوازشریف نے عوام سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا، نواز شریف ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اترا اور ہر بار ملک کو بدترین بحرانوں سے نکالا۔ اِنشاء اللہ پھر نکالیں گے، ہر غم سہہ کر بھی نوازشریف کی ترجیح آج بھی عوام اور ملک کی ترقی وخوش حالی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے گزشتہ روز پارٹی کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن، معاشی ترقی، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہئے، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے، تاریخ گواہ ہے کہ محمد نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں، طوفانوں اور خساروں میں گھرا ملک ملا، اللہ تعالی پر کامل بھروسے، محنت اور خلوص نیت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ طوفانوں کا منہ پھیرا ہے، نئی امید دی ہے اور پاکستان اور عوام کو ریلیف دیا ہے، یہ وہی نوازشریف ہے جس نے 2013 میں جب ملک سنبھالاتھا تو لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اور معاشی بدحالی قوم کا لہو بہا رہی تھی، پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر نوازشریف نے متحد کیا، مہنگائی کی کمر توڑی، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد کی، پورے خطے میں پاکستان سب سے تیز ترین معاشی ترقی کررہا تھا، نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے، عوام چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپیگنڈے سے ہوشیار رہیں۔ مریم نواز نے زور دیا کہ عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں تاکہ پاکستان سے معاشی بدحالی، مہنگائی، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے کرم اور پارٹی کی ماضی کی شاندار کاکردگی کی بنیاد پر پورے ایمان کے ساتھ یہ یقین دلاتی ہوں پاکستان اور عوام کے اچھے دِن آنے والے ہیں، عوام انتخابات میں شیر پر نشان لگائیں، یہ نشان شیر پر نہیں، آپ اپنی محرومیوں، معاشی بدحالی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی پر لگائیں گے، عوام نوازشریف کو واضح مینڈیٹ دیں، ہم عوام کو مہنگائی میں واضح کمی کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام واضح سوچ کے ساتھ اپنے ووٹ کی طاقت کے ساتھ فیصلہ کریں، نوازشریف عوام کے معاشی دْکھ دور کردیں گے، مہنگے بجلی کے بلوں سے آپ کو نجات دلائیں گے، ایک وعدہ عوام پورا کرے، دوسرے وعدے سچ کردکھانے کی ذمہ داری ہم لیتے ہیں، 21 اکتوبر پاکستان کی سیاسی وجمہوری تاریخ کا ایک روشن باب بنے گا۔ پاکستان کو ترقی کا گہوارہ بنانا ہے، ہم سب نے تاریخی جذبے سے کام کرنا ہے.