عمران خان کی بیٹوں سے بات نہیں کروائی جا رہی،علیمہ خان

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی عدالت پہنچ گئیں۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ عمران خان کی اپنے بچوں سے بات کروائی جائے گی۔انہوں نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کے بچے والد سے بات کرنا چاہ رہے ہیں لیکن ان کو اجازت نہیں دی جارہی۔کافی وقت ہو گیا عمران خان کی اپنے بچوں سے بات نہیں ہوئی،اگر پھر عدالت اجازت دے تو شاید بات کروا دی جائے۔قبل ازیں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔ عدالت نے 15 ستمبر تک چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے بات کروانے کا حکم دے دیا،جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے 15 ستمبر تک عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔عدالت نے عدالتی احکامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ عمران خان نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سے جواب کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر 2 درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا،جج احتشام عالم نے فیصلہ سنایا۔عدالت نے عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سے جواب طلب کیا تھا،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کئے گئے تھے۔ سیشن عدالت نے عمران خان کیخلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت 16 نومبر تک ملتوی کی۔