صدر مملکت کی وفاقی وزیر قانون سے ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت

اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم کی ملاقات ہوئی ہے۔ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات میں ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ حکومت اور صدر مملکت کے مابین ملاقات عام انتخابات پر جاری مشاورت کے تسلسل میں کی گئی۔صدرِ مملکت نے کہا کہ مشاورتی عمل کا اچھی نیت کے ساتھ جاری رہنا ملک میں جمہوریت کیلئے مثبت ہوگا۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نگراں وفاقی وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی تھی۔ملاقات میں ملک میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے کل کے بیان کو سراہا کہ نگران حکومت اس معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی پاسداری کرے گی۔ملاقات میں صدر مملکت نے آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ فیصلے آئین کی روح کے مطابق ہونے چاہئیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے صدر مملکت سے عام انتخابات کی تاریخ کے بلا تاخیر اعلان کا مطالبہ کر دیا۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دستور کا آرٹیکل (5)48 قومی اسمبلی کی قبل ازوقت تحلیل کی صورت میں صدرِمملکت کو انتخابات کے انعقاد کیلئے 90 روز کی مدت کے اندر کسی تاریخ کے تعین کا پابند بناتا ہے، چنانچہ صدرِمملکت اپنا دستوری فریضہ نبھائیں اور آئین کی بالادستی یقینی بناتے ہوئے بلاتاخیر ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں، صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تو آئین کی بے حرمتی اور عوام کے بنیادی آئینی دستوری و جمہوری حقوق کی پامالی کے ذمہ دار ہوں گے۔