حلیم عادل شیخ کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا

کراچی(آن لائن)کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم دیا تو پریڈیتھانے کی پولیس نے ان کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔پریڈی تھانے کی پولیس حلیم عادل شیخ کو اے ٹی سی سے گرفتار کر کے روانہ ہو گئی۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف گزشتہ روز پریڈی تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں کارسرکار میں مداخلت، بلوہ اور پولیس پر حملے کی دفعات شامل ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق گزشتہ روز حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر پولیس پر حملہ کیا گیا تھا، پولیس پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق کیس حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کی حلیم عادل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو عدالت میں پیش کیا گیا تو پولیس نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔تحریک انصاف کے وکلاء نے ملزم کی رہائی کی درخواست دائر کی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے دونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے حلیم عادل شیخ کو سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔پولیس نے بتایا تھا کہ حلیم عادل شیخ کو 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پر حراست میں لیا گیا ہے.