ملک میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی حالات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی حالات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول اور سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعظم آفس سے جلاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) کی چوتھی ایپکس کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، عسکری حکام کے علاوہ وفاقی کابینہ، وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ نگران وزیراعظم اور کابینہ کو کونسل کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزارت فوڈ سکیورٹی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنیات کی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر اجلاس میں بریفنگ دی گئی، نگران وزراء اور عسکری حکام کی جانب سے سرمایہ کاری کے شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے زراعت، لائیو سٹاک، کان کنی،معدنیات، آئی ٹی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے سابق حکومت کی جانب سے منظور کردہ منصوبوں کی توثیق کردی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور موثر کام کی تعریف کی۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی حالات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول اور سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، پہلی بار ہے کہ ملکی معیشت کے لیے ایک ویژن دکھائی دے رہا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جن منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ان کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔ایپیکس کمیٹی نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے معیشت کی بحالی کے لیے نگران حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آرمی چیف کا کہناتھا پاک فوج پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔