عام انتخابات کی تاریخ دیں، صدر عارف علوی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر، سکندر سلطان راجہ کو عام انتخابات کی تاریخ کا تعین کرنے کیلئے خط لکھ دیا جبکہالیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی عام انتخابات کی تاریخ کے تعین اور حلقہ بندیوں ر مشاورت کیلئے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو ملاقات کی دعوت دیدی ہے۔تفصیل کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی وزیر اعظم کی تجویز پر 9اگست کو تحلیل کر دی گئی تھی اور آئین کے آرٹیکل 48 (5) کے تحت اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تحلیل کی تاریخ کے نوے دن میں تاریخ مقرر کرنے کے پابند ہیں خط کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو آج یا کل صدر کے ساتھ ملاقات کے لیے مدعو کیا جاتا ہے تاکہ مناسب تاریخ طے کی جا سکے۔ دوسری جانب عام انتخابات کی تاریخ کے تعین اور حلقہ بندیوں ر مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، چیئرمین پی ٹی آئی جے یوآئی کے مولانا فضل الرحمٰن اور آصف علی زرداری کو دعوت نامے بھجوادئیے گئے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ کا تعین کرنے اور حلقہ بندیوں سمیت انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے سلسلے میں ملک کی بڑی پارٹیوں کے سربراہوں کو خطوط لکھ دئیے ہیں ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو خط لکھ کر 24 اگست کو دن 2 بجے جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کو 24 اگست شام 3 بجے مدعو کر لیا اسی طرح الیکشن کمیشن نے 25 اگست دن 11 بجے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو جبکہ 29اگست شام 3بجے پیپلز پارٹی کے وفد کو ملاقات کیلئے مدعو کیا ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی سربراہوں کو بھجوائے جانے والے مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ پارٹی سربراہان اپنے نمائندوں کے نام الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیں۔