قصور(آن لائن)قصور کے سیلاب زدگان کیلئے پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں دوسرے دن بھی جاری رہیں، پاک فوج کی ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیمیں مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں اور متاثرین میں راشن تقسیم کرتی رہیں۔حالیہ سیلاب سے ضلع قصور کے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی طرف سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آج بھی کمال پور، شجرہ، ماہی وال اور ٹھٹی بخشی کے سیلاب زدگان میں راشن کی تقسیم جاری رہی جس سے سیکڑوں خاندان مستفید ہوئے، سیلاب کے باعث اطراف سے کٹ جانے والے دیہات تک کشتیوں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا گیا، اس کے ساتھ ساتھ سیلاب زدگان کیلئے ضروری طبی امداد کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا گیا، ٹھٹی بخشی میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جس سے کثیر تعداد میں مقامی لوگ مستفید ہوئے، پہلے دن سیلاب میں پھنسے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا، اس کے علاوہ ہزاروں متاثرہ خاندانوں میں لگ بھگ 16 ٹن مفت راشن بھی تقسیم کیا گیا، راشن پیکس آٹا، دال، چاول، گھی اور دودھ سمیت ضروری اشیائے خورد و نوش شامل ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گنڈا سنگھ، دھپ سری، گھٹی کلنگر، اولاکے، جمعے والا، کمال پورہ، بکرکے، اٹاری اور نجابت شامل ہیں، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں سیلاب کی صورتحال بہتر ہونے اور معمولات زندگی بحال ہونے تک جاری رہیں گی۔
Load/Hide Comments



