لاہور (آن لائن) پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار علامہ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔مزار علامہ اقبال پر پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لیے ہیں، میجر جنرل قیصر سلیمان، گیریژن کمانڈر لاہور نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر حضوری باغ میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیراعلی محسن نقوی نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی، محسن نقوی نے شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا۔محسن نقوی نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی، پرچم کشائی سے قبل سائرن بجائے گئے، پرچم کشائی کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔نگران وزیراعلی پنجاب نے سکاٹس اور سکول کے بچوں و بچیوں کی جانب سے بینڈ پر ملی نغموں کی دھنیں بجانے کا مظاہرہ دیکھا اوربچوں و بچیوں کی کارکردگی کو سراہا اوران سے شفقت کا اظہار کیا۔اس موقع پر امریکہ اور ایران کے قونصل جنرل، صوبائی وزرا منصور قادر، عامر میر، مشیران کنور دلشاد، وہاب ریاض، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہوراور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Load/Hide Comments



