آزادی بہت بڑی نعمت، اللہ تعالیٰ کا شکرہے آزادوطن میں سانس لے رہے ہیں،ہمیں آزادی کی قدر و منزلت کو پہچاننا ہوگا،محسن نقوی

لاہور (آن لائن) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 76 ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اہل وطن کو جشن آزادی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں – آزادی بہت بڑی نعمت ہے، اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ ہم آزادوطن میں سانس لے رہے ہیں،ہمیں آزاد وطن کی قدر و منزلت کو پہچاننا ہوگا۔آزادی کی شمع روشن کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنا خون دیا، بزرگوں نے ہمارے آزاد مستقبل کے لیے اپنا حال قربان کیا- تحریک پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والوں کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔وطن کے امن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم آزادی کا تقاضاہے کہ ہم اپنے ماضی کے تجربات کی روشنی میں بہتر مستقبل کے لئے حکمت عملی بنائیں -وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ایمان،اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر کاربند رہ کر سب کو ملکی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا- انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کوایک پرامن، مضبوط اور خوشحال پاکستا ن دینا ہے۔ قوم کو ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مثالی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا-انشاء اللہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور وطن عزیز نے بہت آگے جانا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستانی قوم ہر چیلنج سے سروخرو ہوکر نکلے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ آئیے آج ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ہم پاکستان کی ترقی کے لیے اپنی توانائیاں وقف کریں گے اور مل کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے.