ائین اور قانون کے مطابق اسمبلی تحلیل کردی گئی ہے اور اب الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرے گا،خورشید شاہ

اسلام آباد (آن لائن)سابق وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ائین اور قانون کے مطابق اسمبلی تحلیل کردی گئی ہے اور اب الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران سیاسی ماحول میں جوش و خروش ہوتا ہے مگر کسی سیاسی پارٹی کو کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جس سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ۲۰۱۸ کے کئی انتخابی نتائج کو کھلم کھلا دھاندلی سے تبدیل کیا گیا تھا اور دھاندلی کی وجہ سے وہ انتخابات ناقابل قبول تھے مگر ہم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں دھنگا فساد کی بجائے اسمبلیوں میں بیٹھنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور ملی پختگی کا تقاضا ہے کہ ہم چھوٹے صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں اور انہیں احساس محرومی کا شکار نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایک پارٹی کے فائدے کیلئے پہلے پنجاب میں حکومت بنوائی گئی، پھر توڑی گئی اور پھر سوموٹو کے تحت ایک پارٹی کے ایڈوانٹج کیلئے صرف پنجاب کے الیکشن کا انتظام کیا گیا تاکہ پنجاب کی اکثریت دوسرے صوبوں پہ بھی اثر انداز ہو تو ایسے ہتھکنڈے مزید برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اْس وقت بھی یہ آئینی درد خیبر پختون خواہ کیلئے نہیں اْٹھا تھا مگر بڑا صوبہ ہونے کے ناطے یہ انتظام صرف پنجاب اور ایک پارٹی کیلئے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ۲۰۱۸ میں بھی عدل والوں نے کئی کھیل کھیلے اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کیا مگر اب ایسے کھیلوں سے اجتناب ضروری ہے تاکہ ملک پھر سے معاشی اور سیاسی انحطاط کا شکار نہ ہو۔