کراچی (آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سٹی کونسل میں جتنی سیاسی جماعتیں ہیں سب ہمارے لئے محترم ہیں، بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا، کراچی کے تمام علاقوں میں پانی، سیوریج، سڑکوں اور صفائی ستھرائی کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے، شہر کے وسیع تر مفاد میں سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اور تمام جماعتوں کی مشاورت یقینی بنائی جائے گی تاکہ ہونے والے کام پائیدار اور مفید ثابت ہوں، یہ بات انہوں نے سٹی کونسل میں جمعیت علمائے اسلام کے یوسی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے سٹی کونسل میں جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر مفتی اسد کی سربراہی میں میئر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں پر حلقے کے عوام نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لیے ضروری ہے کہ یوسی چیئرمین اور دیگر نمائندے شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں، میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی طرف سے انہیں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے جو بھی تجاویز پیش کی جائیں گی ان پر ضرور غور ہوگا اور متعلقہ محکموں کے ذریعے تمام مسائل حل کئے جائیں گے، اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر مفتی اسد نے میئر کراچی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ ہم میئر کراچی کے ساتھ ہیں اور ا ن کے ہاتھ مضبوط کریں گے، سٹی کونسل میں جو قانون سازی کی جائے گی ہم اس کا ساتھ دیں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعیت علمائے اسلام کے یوسی ممبران کی نیک خواہشات کو سراہا اور انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی.
Load/Hide Comments



