سابق حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا اور مشکلات کے باوجود آئی ایم ایف سے ڈیل کی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس ختم ہوگیا جس میں وزیراعظم نے کابینہ ارکان کے پھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا،وزیر اعظم نے کابینہ ارکان کی مختصر مدت میں کارکردگی کو سراہا اور ملک کو معاشی طور پر سنبھالا دینے میں اتحادیوں کے کردار کی تعریف کی،وفاقی کابینہ نے بھی ڈیڑھ سالہ دور حکمرانی پر اظہار اطمینان کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو مشکلات سے دوچار کرنے پر سابق حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں نے بھرپور ساتھ دیا، سابق حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت لے کر معیشت کو سنبھالا، تمام وزراء نے سخت محنت کی، امید ہے عوام ہماری کارکردگی اور مشکلات کو سمجھیں گے۔ آئی ایم ایف کا پروگرام ملک کیلئے ضروری تھا،کوئی شک نہیں اس کی شرائط کڑی اور سخت ہیں۔ آئی ایم ایف کے پروگرام کے بغیر پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر سمیت کئی قسم کے چیلنجز درپیش ہوتے۔پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے ملک کیلئے تباہ کن صورتحال پیدا ہوتی، آئی ایم ایف کا پروگرام ہو چکا ہے، ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔آئی ایم ایف نے سبسڈیز کے حوالہ سے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے۔