صمصام بخاری کی آڈیو لیک 9 مئی واقعات میں عمران خان کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے، عطا تارڑ

اسلام آبا د(آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما صمصام بخاری کی آڈیو لیک 9 مئی کے واقعات میں پارٹی چیئرمین عمران خان کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دوسروں کے جیلوں سے اے سی اتارنے کی باتیں کرنے والے عمران خان آج خود جیل میں بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج اٹک جیل کے باہر ایک بندہ موجود نہیں ہے، عمران خان کی گرفتاری کے ردعمل میں پورے پاکستان میں ایک بندہ نہیں نکلا، انہوں نے نفرت کے جو بیج بوئے وہی کاٹ رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق ٹوئٹر پر ایک آڈیو لیک ہوئی ہے، پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کی یہ آڈیو عمران خان کے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے صمصام بخاری کی مبینہ آڈیو لیک سنوائی جس میں صمصام بخاری کو ایک نجی محفل میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا گیا۔عطا تارڑ نے مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ صاحب عمران خان کے علاوہ اور کوئی نہیں ہے، جو بات ہم روز کرتے تھے وہ اب ثابت ہوگئی کہ 9 مئی سوچھا سمجھا منصوبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تینوں بہنیں وہاں موجود تھیں اور ان کا بھانجا حسان نیازی وہاں کور کمانڈر کی وردی کی بیحرمتی کررہا تھا، شفقت محمود اور صمصام بخاری کو سلام ہے جنہوں نے انہیں فوج کے خلاف جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ایکس سروس مین میجر گورو آریا کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ عمران خان کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کررہا ہے کیونکہ اس نے عمران خان کی گرفتاری کو بھارت کے لیے نقصان قرار دیاہے،عطا تارڑ نے کہا کہ صمصام بخاری کی آڈیو کے بعد کوئی شک باقی نہیں رہ گیا کہ 9 مئی واقعات عمران خان کا حکم تھا اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے اس پر عملدرامد کروایا۔