چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اٹک جیل منتقل کر دیا گیا

اٹک (آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اٹک جیل منتقل کر دیا گیا، چئیرمین تحریک انصاف کو سیکورٹی کے سخت حصار میں اٹک جیل پہنچایا گیا، جیل کے باہر ایلیٹ فورس تعینات کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف کو زمان پارک سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کردیا۔عمران خان کو براستہ موٹروے لاہور سے اسلام آباد سخت سیکیورٹی میں منتقل کیا گیا۔ پولیس ٹیم انہیں اڈیالہ روڈ سے پمز اسپتال لے کر پہنچی جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ کیا۔ میڈیکل کے بعد چئیرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کیے جانا تھا تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انہیں اٹک جیل منتقل کر کے ہائی سیکورٹی زون کے لاک اپ میں رکھا۔واضح رہے کہ ہفتہ کے روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کارروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 3 سال قیداور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔