پاکستان ایک مرتبہ پھر معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آبا د(آن لائن)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، ملکی معیشت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے، صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کا آغاز کیا گیا ہے، ہماری ثقافت اور ورثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سینٹرل بورڈ آف فلم سینسرز میں سینسر سینما ہال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1970ء کے بعد فلم انڈسٹری پر کافی قدغنیں لگیں، پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کے لئے سکرین ٹورازم پر کام کر رہے ہیں،سکرین ٹورازم کو استعمال کرتے ہوئے دنیا کے بیشتر ممالک نے اپنے بیانیہ کو فروغ دیا،محمد نواز شریف نے پاکستان کلچر پالیسی کا آغاز کیا تھا،فلم انڈسٹری کو سبسڈی دی جا رہی ہے، ہماری ثقافت اور ورثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سرٹیفیکیٹ بورڈ بنایا گیا ہے، پی ٹی وی فلم ڈویڑن کا قیام بھی شامل ہے، فلم سینسر بورڈ میں سینسر سینما کے افتتاح پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، ہمیں فلم سینسر کے لئے پرائیویٹ سینما کی خدمات لینا پڑتی تھیں، اب یہ سہولت فلم سینسر بورڈ میں دستیاب ہوگی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی فلم ڈویڑن بھی قائم کیا گیا ہے، وہاں بھی ایک چھوٹا سینما ہے جس کی تزئین کی جا رہی ہے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کی بہتری کے لئے کام کیا گیا ہے، 15 ماہ قبل جب ہم اقتدار میں آئے تو ملک کے اندر معاشی بدحالی تھی، 2018ء سے مارچ 2022ء تک مہنگائی کا سفر تھا، معیشت اتنی بدحال کر دی گئی کہ واپس آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا،سابق حکومت نے پٹرول کی قیمتیں کر کے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اس پروگرام کو معطل کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی محنت سے آئی ایم ایف پروگرام شروع ہو گیا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، پی ٹی آئی نے دوست ممالک کو ناراض کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا، سیلاب کے دوران بحالی کی سرگرمیاں شروع کیں، ایس آئی ایف سی قائم کی جو سرمایہ کاری کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گی، پاکستان ایک مرتبہ پھر معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، ملکی معیشت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے، صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کا آغاز کیا گیا ہے،مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کو انسٹیٹیوشنلائز کیا گیا،ریڈیو میں جدید ٹیکنالوجی نصب کی جا رہی ہے، پوری دنیا میں اس کی نشریات سنی جا سکے گی، میڈیم ویو ٹیکنالوجی کے ساتھ ریڈیو پاکستان کی نشریات میں بہتری آئے گی،ریڈیو کے ملازمین کے لئے ایک بزنس پلان دیا گیا تاکہ اس کے مالی معاملات بہتر ہو، وزارت اطلاعات میری ذمہ داری میں شامل ہے، اس کے اداروں کو ہم مستحکم کریں گے۔