وزیر اعظم کا سرینا انڈر پاس کی تعمیرکا کنٹریکٹ ریلوے کو دینے پر اظہار برہمی،تقریب چھوڑ کر چلے گئے

اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف سریناچوک انڈر پاس کی تعمیرکا کنٹریکٹ ریلوے کو دینے پرغصے میں آگئے اور تقریب چھوڑ کر چلے گئے،منصوبے کا دوبارہ ٹینڈر زجاری کرنے کا حکم دیدیا۔جمعرات کے روز وزیر اعظم شہباز شریف سرینا چوک انڈر پاس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں پہنچے جہاں انہیں منصوبے سے متعلق مختصر بریفنگ دی گئی،چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل نے بریفنگ دی کہ ریلوے کی ایک کمپنی یہ انڈر پاس مکمل کرے گی جس پر وزیر اعظم نے سرینا چوک انڈر پاس کی تعمیر کا کنٹریکٹ ریلوے کو دینے پر برہمی کا اظہار کیااور چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری ریلوے کو جھاڑ پلادی،وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے کا کیا کام کہ سڑکیں اور انڈر پاس بنائے،ریلوے کی اپنی کارکردگی سب کے سامنے ہے،انڈر پاس بنانا ریلوے کا کام نہیں ہے،اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے سیکرٹری ریلوے کو آگے کیا تو وزیر اعظم نے انھیں بھی جھاڑ پلا دی اور کہا کہ سڑکیں بنانا وزارتوں کا کام کب سے ہوگیا،وزیراعظم نے سنگ بنیاد منسوخ کردیا اور منصوبے کا دوبارہ ٹینڈرز کرنے کا حکم دے دیا،وزیر اعظم شہباز شریف غصے سے اپنی کرسی سے کھڑے ہوگئے اور کہا کہ نیا ٹینڈرجاری کیا جائے اور اس کی روشنی میں بہترین کمپنی کا انتخاب کیا جائے،نئی ہدایات کے ساتھ تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔