ہمیں پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی پر فخر ہے،شیری رحمان

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (CPEC) کی 10 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے آئے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کا پرتپاک خیرمقدم کرتی ہے، ہمیں پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی پر فخر ہے جس کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین ماؤزے تنگ نے رکھی تھی ہمارے لیئے سی پیک ایک قابل فخر منصونہ ہے جس کا سہرا صدر شی جن پنگ اور آصف علی زرداری کو جاتا ہے،صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آصف علی زرداری نے اپنا پہلا سفارتی دورہ چین کا کیا تاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے قائم کردہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے،انہوں نے پہلے سال میں چار بار چین کا دورا کیا،آصف علی زردای نے بطور صدر اپنے دور میں متعدد بار چین کا دورہ کیا،صدارت چھوڑنے کے بعد بھی انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سی پیک کی پیشرفت کو بڑھانے کے لیے چین کا دورہ کیا، شیری رحمان نے کہا کہ یہی وجہ ہے چین کی حکومت نے ان کو سی پیک کا بانی قرار دیا،یہ تاریخ ساز منصوبہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے،سابق نااہل حکومت کی وجہ سے سی پیک سست روی کا شکار ہوا،تاہم ہم اس گیم چینجر منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاک چین دوستی زندہ آباد.