اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے ورلڈ جونئیر اسکواش کا ٹائٹل جیتنے پر حمزہ خان کو نوازنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف قومی ہیرو کو ایک کروڑ کے انعام سے نوازے گے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ جونیئر اسکواش کا ٹائٹل پاکستان کو 37سال کے بعد جتوانے والے حمزہ خان کے اعزاز میں وزیراعظم آفس میں دو اگست کو خصوصی تقریب منعقد ہوگی جس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری، پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے حکام بھی شرکت کرینگے۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نوجوان اسکواش ہیرو حمزہ خان کی حوصلہ افزائی کرینگے اور شاندار کارکردگی پر ایک کروڑ روپے کا کیش ایوارڈ دینگے۔ آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی زیر نگرانی حمزہ خان نے ٹریننگ کی اور ورلڈ جونیئر ایونٹ کی تیاری کیلئے آرمی سپورٹس نے تمام سہولیات فراہم کی تھی۔واضح رہے کہ حمزہ خان نے 37سال بعد پاکستان کو ورلڈ جونیئر کا ٹائٹل جتوایا ہے۔ آخری بار جان شیر خان نے 1986 میں ورلڈ ٹائٹل پاکستان کیلئے جیتا تھا.
Load/Hide Comments



