لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ہم باہمی مشاورت اور مشترکہ کوششوں سے ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کی ملک کو خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کی کوششیں اور عزم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی طور پر اپنا حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں تاجر برادری کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں تاجر برادری نے دل کھول کر عطیات دیئے اور امدادی سامان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھجوایا۔ گورنر پنجاب نے امید ظاہر کی کہ تاجر برادری اسی جذبے اور لگن سے ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کو خوشحال اور اقتصادی طور پر مربوط خطہ بنانے کے لیے سارک ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی برآمدات پر خصوصی توجہ دینی ہوگی تاکہ محصولات کے ساتھ ساتھ ملک میں کاروبار اور روزگار کے مزید مواقع فراہم کیے جاسکیں۔تقریب سے سابق صدر ایف پی سی سی آئی و لاہور چیمبر میاں انجم نثار، چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) فہیم الرحمن سہگل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ میاں انجم نثار کا سارک چیمبر کا نائب صدر منتخب ہونا نہ صرف پیاف کی بلکہ پوری تاجر برادری کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ہوگا۔ تقریب میں سیکرٹری (پیاف) عبدالصبور شیخ کے ساتھ معروف کاروباری شخصیات خواجہ شاہ زیب حسن، تنویر احمد، میاں کاشف، عرفان اقبال شیخ، سہیل چاولہ بائی بشر، آمنہ رندھاوا، ڈاکٹر سہیل اکرم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
Load/Hide Comments



