وزیر اعظم کی ہدایت پر گیس کی قیمت کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں،مصدق ملک

فیصل آباد(آن لائن) پٹرولیم کے وزیر مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر انہوں نے گیس کی قیمت کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ ففٹی ففٹی کا فارمولا منظور کر لیا گیا ہے جس کے تحت صنعتکار نومبر تک کی منصوبہ بندی کر سکیں گے۔ اِس دوران انھیں 50فیصد مقامی گیس اور پچاس فیصد ایل این جی مکس کر کے دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام تاجروں اور صنعتکاروں کی ایک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب اور وزیر اعظم کے معاونین خصوصی، وفاقی سیکرٹری حضرات اور اعلیٰ بیوروکریسی نے بھی شرکت کی انہوں نے بتایا کہ سستی گیس کیلئے آذربائیجان سے بھی بات چیت ہو رہی ہے۔ کل سے ہر ماہ سپاٹ ریٹ پر ایل این جی کے کارگو آنا شروع ہو جائیں گے جس سے گیس کی قیمتیں کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قطر سے 200ایم ایم ایف سی گیس کے معاہدے 13ڈالر پر کئے تھے۔ جبکہ اس وقت سپاٹ ریٹ 7/8ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت خود قطر سے ایل این جی سپاٹ ریٹ پر نہیں خرید سکتی اِس لئے صنعتکاروں کو اپنی ضرورت کیلئے قطر سے سپاٹ ریٹ پر ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جسے حکومت اس درآمدی گیس کو ان کے دروازے تک پہنچائے گی۔ تاہم اس گیس کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔