محرم الحرام، شہری انتظامیہ علماء کرام کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کر رہی ہے، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی (آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ہر مکتبہ فکر کے لوگ کربلا کے شہدا کے ساتھ اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں، شہری انتظامیہ علماء کرام کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کر رہی ہے میرے ساتھ کراچی کی پوری انتظامیہ موجود ہے، تمام شہری اور بلدیاتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک اور فعال ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں محر م الحرام کے انتظامات کے حوالے سےمنعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ امتیاز شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین، ڈی آئی جی ٹریفک، مئیر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امورکرم اللہ وقاصی، میونسپل کمشنر کے ایم سی نعمان ارشد، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ جاتی سربراہان، سینئر افسران کے علاوہ علماء کرام، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، شہر میں امن، اخوت، مساوات اور بھائی چارگی کو عام کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ میں خود مختلف جلوسوں اور مجالس میں شامل ہو رہا ہے، مجالس اور جلوس کے راستوں کی صفائی ستھرائی سڑکوں کی استر کاری، سیوریج اور برساتی پانی کی نکاسی سمیت تمام بلدیاتی مسائل حل کئے جا رہے ہیں، ہر سال کی طرح اس سال بھی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے پر امن طریقے سے گزریں گے، رینجرز، پولیس، ضلعی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، ریسکیوسمیت تمام ادارے آن بورڈ ہیں اور آپس میں مکمل رابطے میں ہیں، تمام ادارے مل کر فول پروف انتظامات یقینی بنا رہے ہیں تاکہ مجالس اور جلوس کے شرکاء کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محرم الحرام کی 7 تا 10 تاریخیں بہت اہم ہوتی ہیں ان ایام میں شہر کے مختلف مقامات پر مجالس منعقد ہوتی ہیں اور ماتمی جلوس برآمد ہوتے ہیں اور ان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی ہماری زمہ داری ہے، ادارے مل کر کام کررہے ہیں، پانی و سیوریج کے مسئلوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے،اس موقع پر علماء کرام نے جن مسائل کی نشان دہی کی مئیر کراچی نے ان فوری حل کرنے کے لیے اسی وقت احکامات جاری کئے۔