نواز شریف کا فضل الرحمان سے رابطہ، زرداری سے ملاقات بارے اعتماد میں لیا

اسلام آبا د (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور نگران سیٹ اپ پر تبادلہ خیال کیا جبکہ نواز شریف نے آصف زرداری سے ملاقات بارے انہیں اعتماد میں لیا اور تمام اہم سیاسی فیصلوں پر اعتماد میں لیکر چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے ذرائع کاکہناہے کہ نوازشریف نے سربراہ پی ڈی ایم کو سابق صدر آصف زرداری سے دبئی میں ملاقات کی بھی وضاحت کی ہے، قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ دبئی میں ہونے والی ملاقات معمول کی ملاقات تھی جس میں ملکی مسائل اور سیاسی امور پر مشاورت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ابھی بھی پی ڈی ایم کا حصہ ہیں، نگران سیٹ سمیت تمام امور پر مشاورت ہوگی۔ نواز شریف نے انھیں یقین دہانی کرائی کہ تمام اہم سیاسی فیصلوں پرآپ کو اعتماد میں لیکر چلیں گے۔ جبکہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے نوازشریف کو اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں اہم فیصلوں سے متعلق مسلسل مشاورت کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے رابطے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو جلد تمام اتحادی سربراہان کا اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی ہے۔