سندھ اسمبلی کا اجلاس آغاسراج درانی کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا

کراچی (آن لائن)سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعرات کواسپیکر آغا سراج درانی کی زیرصدارت ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ایوان کی کارروائی کے دوران اسپیکر کے دلچسپ ریمارکس پر ارکان اسمبلی محظوظ ہوتے رہے اور کچھ ارکان نے اپنے لبوں پر پھیلی مسکراہٹ کے ذریعے آغا سراج کی جملہ بازی پرخوشی کا اظہار کیا۔ کارروائی کی ابتدا میں ایم کیو ایم کے رکن خواجہ اظہار الحسن کو مخاطب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ اپوزیشن لیڈرکی کرسی پربیٹھیں کیونکہ آپ اس کرسی پرمجھے اچھے لگتے تھے۔آغاسراج کی اس بات پرخواجہ اظہار نے کچھ کہنے کے بجائے مسکرا کر اظہار تشکر کیا۔جی ڈی اے کے رکن نند کمار کسی اور رکن کی نشست پر بیٹھے تھے جب اسپیکر کی نظر ان پر پڑی تو آغا سراج درانی نے کہا کہ نند کمار غلط سیٹ پر بیٹھے ہیں جس پر وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ بولے نند کمار کی کوشش تو اپوزیشن لیڈر کی سیٹ پر آنے کی ہے لیکن میرا ذاتی خیال ہے کہ دو مرد ارکان کی لڑائی میں اگر کوئی خاتون آجائے تو زیادہ اچھا ہے۔وزیر پارلیمانی امور کی اس بات پر ایم کیو ایم کی خاتون رکن رعنا انصار اپنی ہنسی پر قابو نہ پاسکیں۔ اسپیکر نے نشاندہی کی کہ سیکریٹری سندھ اسمبلی حج کرکے آئے ہیں ان کو مبارک باد دیتے ہیں۔ جس پر وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے کہا کہ یہ حج کرکے آئے ہیں لیکن ہمیں آب زم زم اور کھجور بھی نہیں دی۔ ایک موقع پراسپیکر نے سابق ایم پی اے موہن لال کوہستانی کوشاہ رخ خان سے تشبیہ دیدی اور کہا کہ شاہ رخ خان کے میرے پاس بہت رازہے اگرچاہیں توبتاسکتاہوں۔