سی پیک منصوبہ چین صدر اور نواز شریف کا وژن ہے، شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ چینی صدر اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کا وژن ہے،سی پیک منصوبہ نواز شریف کی قیادت میں پروان چڑھا، پی ٹی آئی دور میں منصوبے میں کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگاکر پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی گئی، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ دور دور تک نہیں،آئی ایف معاہدے سے پاکستان کو اب آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ اسلام آباد میں سی پیک منصوبے کے 10 سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 سال قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 2013 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور چین کے سابق وزیراعظم پاکستان آئے جن سے میں نے اپنے قائد کے ہمراہ ملاقات کی، چینی وزیراعظم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چین آنے کی دعوت دی اور اس طرح سی پیک کے سفر کا آغاز ہوا۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد بیجنگ میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی یاددگار تقریب ہوئی، ان 10 برسوں میں نواز شریف کی قیادت میں سی پیک نے رفتار پکڑی جو کبھی پاکستان کی معاشی تاریخ میں کبھی نہیں سنی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر اور وزیراعظم کی مکمل حمایت سے ہم نے پاکستان کی سرزمین کو نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر سب سے تیزی سے بدلتے ہوئے دیکھا، ہم نے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر، ہائیڈل پاور منصوبوں، اورنج لائن، روڈ انفرا اسٹرکچر کے منصوبے مکمل کیے۔