دبئی میں ملاقاتوں میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، شازیہ عطا مری

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما و وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ عطا مری نے کہا ہے دبئی میں ہونے والی ملاقاتوں میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ملاقاتوں کے دوران معاہدوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے اختلافات کی تمام خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں، سینیٹ چیئرمین بل 2023 پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے عدم اعتماد کااظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نے وضاحت کی کہ اتحادی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان دبئی میں ہونی والی ملاقات میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔سینیئر پارٹی رہنما نے کہا کہ دونوں سیاسی رہنماؤں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ہونے والے معاہدے اور پاکستان کو درپیش معاشی مشکلاتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے سینیٹ چیئرمین بل 2023 پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے بل پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہیانہوں نے کہا کہ اگر بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تو پارٹی سختی سے اس بل کو مسترد کرے گی کیونکہ یہ بل قابل قبول حد سے باہر ہے۔شازیہ مری کے مطابق کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بل جلدی میں پاس کیا گیا اور اراکین اس کے متن سے واقف نہیں تھے، بہرحال پارٹی نے اس پر اختلاف کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا خیال ہے کہ ملک کو درپیش معاشی حالات سینیٹ چیئرمین کو اس طرح کی مراعات دینے کی اجازت نہیں دیتے اور جن اراکین نے اس بل پر دستخط کیے ہیں ان سے پارٹی نے وضاحت طلب کرلی ہے۔پیپلز پارٹی رہنما اور وفاقی وزیر شازیہ مری کی طرف سے ایسا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب یہ رپورٹس آئیں کہ دبئی میں دونوں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں متعدد مسائل بشمول نگران حکومت کے لیے نام اور اگلے انتخابات میں دونوں جماعتوں کے کامیاب ہونے کے بعد اقتدار میں آنے کے فارمولے پر اتفاق کیا گیا ہے۔