لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب/ چانسلر محمد بلیغ الرحمان نے آج گورنر ہاؤس لاہور میں کنسورشیم آن ڈرگ اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جامعات میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یونیورسٹیوں کے کیمپسز میں منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لیے جامعات میں ایک جامع طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 2021 کی پالیسی اس حوالے سے ایک موثر اور جامع پالیسی ہے۔ گورنر پنجاب نے تمام وائس چانسلرز پر زور دیا کہ وہ اس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے فیکلٹی کو بھی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے باقاعدہ آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کیمپسز میں طلبہ کے لئے کونسلنگ کی سہولت ہونی چاہئے۔ اس موقع پر کنسورشیم کے اراکین نے گورنر پنجاب کو مختلف سفارشات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ کنوینر/ پرو وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری، وائس چانسلرنشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی۔ لاہور پروفیسر ڈاکٹر اصغر علی زیدی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پروفیسر احسن وحید راٹھور، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر ڈائریکٹر اے این ایف راجہ طارق محمود نے اجلاس میں شرکت کی.
Load/Hide Comments



