نواز شریف کی دبئی میں اہم ملاقاتیں، پاکستان واپسی کا روڈ میپ طے ہونے کا امکان

دبئی (آن لائن)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو متحدہ عرب امارات کے دورے پر دبئی حکومت کی جانب سے خصوصی پروٹوکول فراہم کیا جا رہا ہے۔نواز شریف فیملی کے ہمراہ دبئی میں اپنے داماد علی ڈار کی رہائش گاہ ایمریٹس ہلز میں قیام پذیر ہیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف بقر عید دبئی میں اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے۔نواز شریف کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مزید ایک ہفتہ قیام کرنے کا امکان ہے۔ دبئی میں قیام کے بعد ابوظہبی اور پھر عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائیں گے، وہ سعودی عرب میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے بعد دوبارہ دبئی آئیں گیسابق وزیراعظم نوازشریف کا پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کا امکان ہے ۔ ملاقاتوں میں مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ ہوں گی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے راستے میں حائل قانونی الجھنوں کے سلجھانے کے لیے ماہرین سے مشورے کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست کا مرکز ابھی دبئی رہے گا جس کے لیے کئی سیاسی رہنماؤں کی دبئی آمد کا امکان ہے، دبئی میں اگلے چند دنوں میں نواز شریف سے سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔