وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات، قرض معاہدے پر تبادلہ خیال

پیرس (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔فرانس کے دورہ پر پیرس میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، ملاقات فرانس کے درالحکومت پیرس میں گلوبل فائنانسنگ پیکٹ سمٹ کی سائیڈ لائن پر ہوئی،ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگراموں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے 27 مئی کی ملاقات کا بھی تذکرہ کیا، انہوں نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو حکومت کے معاشی ترقی اور استحکام کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے، امید ہے آئی ایم ایف کے مختص فنڈز جلد از جلد جاری کئے جائیں گے، آئی ایم ایف کی قسط سے پاکستان میں معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ملاقات میں کرسٹالینا جارجیوا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو آئی ایم ایف کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے علاوہ فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے اجلاس میں شرکت کی.