اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے دو ہزار جوانوں کو اسلام آباد پولیس میں میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے، یہی معیار پوری قوم اور تمام شعبوں میں اپنانا چاہیے، قوم کو آپ پر فخر ہے اور قوم کی توقعات ہیں آپ جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کرینگے، میری اور نواز شریف کی ہمیشہ کوشش رہی ہے ملک میں میرٹ کو ترجیح دی جائے ہر جوان اور قوم کی بیٹی کو میرٹ پر آگے لایا جائے اور دنیا میں پاکستان کا نام بنایا جائے میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں اور آپ کی خدمات پر سلوٹ پیش کرتا ہوں۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے منگل کو اسلا م آباد میں پولیس لائن کا دورہ، یادگار شہداء پر حاضری دی،فاتحہ خوانی کی، پھولوں کی چادر چڑھائی، وزیراعظم کو پولیس دستے کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا، وزیراعظم نے پولیس لائن سول ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا، ہسپتال سو بستروں پر مشتمل ہے بارہ ہزار پولیس کے جوان و افسران اور ان کے اہلخانہ ہسپتال میں صحت کی تمام سہولیات سے مستفید ہونگے، وزیراعظم کوشہداء مونومنٹ لے جایا گیا جہاں دہشتگردی اور جرائم کے خاتمے کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں و افسران کے کارناموں بارے بریفنگ دی گئی، بعد ازاں وزیراعظم نے پولیس ماڈل کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وزیرتعلیم رانا تنویر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے اس کے علاوہ غیر ملکی سفراء اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیس فورس کی ایک سال کی کارکردگی دیکھی جائے تو فورس نے اپنی شاندار خدمات سرانجام دی ہیں اور پوری قوم کوآپ پر فخر ہے کہ آپ نے پاکستان کے عوام کی حفاظت کیلئے اسلام آباد میں حساس بلڈنگز اور مقامات کی حفاظت کیلئے بہادری کا مظاہرہ کیا زخمی ہوئے جانیں بھی قربان کیں مگر اپنے فرض کی ادائیگی میں غفلت نہیں کی میں اپنی جانب سے اور پوری قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آئی جی کو ستائش پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی کمانڈ میں پولیس کی نگرانی میں امن وامان کیلئے بہترین خدمات سرانجام دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پولیس لائنز میں ایک ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا یہ ہسپتال بہت پہلے بننے چاہیے اور پورے ملک میں پولیس کیلئے ایسے ہسپتال بننے چاہیے کیونکہ آپ ہماری ہمارے بچوں کی حفاظت کرتے ہیں تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ آپ اور آپ کے بچوں کی صحت کیلئے ایسے ہسپتال بنائے جائیں میں کوشش کرونگا کہ اس کی تعمیر جلد سے جلد مکمل ہو تاکہ آپ صحت کی فری بہترین سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو آپ پر فخر ہے قوم کی توقعات ہیں کہ اس ملک میں خاص کر اسلام آباد میں جہاں آپ تعینات ہیں وہاں جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کرینگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے جوانو ، بیٹیوں جو پلان تیار کیا گیا ہے ڈولفن فورس جو پنجاب میں بنائی تھی سیف سٹی بنایا تھا ایسے پلان جلد از جلد تکمیل کئے جائیں ہم اپنے جوانوں کو ترکی بھجوائینگے اور وہاں ان کو ٹریننگ دلوا کر واپس آکر خدمات لینگے۔ میں رانا تنویر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے یہاں شہداء کے بچوں کیلئے کالج بنانے کا منصوبہ بنایا ہے وزیر داخلہ نے آپ کی بہبود کیلئے جو بھی پلان بنائے ہیں جو واجبات کے معاملات ہیں میرے سامنے رکھے وہ فی الفور پورے کئے جارہے ہیں یہ ہمارا فرض ہے اور جس الاؤنس کا ذکر کیا ہے اس پر بھی جلد از جلد عملدرآمد شروع کرینگے۔
Load/Hide Comments



