منشیات کا روک تھام عالمی مسئلہ، اس ناسور کا مقابلہ ہم قومی یکجہتی سے کرسکتے ہیں، شازین بگٹی

کوئٹہ(آن لائن)منشیات کا روک تھام ایک عالمی مسئلہ ہے اس ناسور کا مقابلہ ہم قومی یکجہتی سے کرسکتے ہیں۔ اپنی نئی نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شازین بگٹی نے انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پرکوئٹہ کے نواحی علاقے میں اینٹی نارکوٹیکس فورس بلوچستان اور دیگر اداروں کی طرف سے پکڑے گئے غیرقانونی منشیات کے کھیپ کو نظر آتش کرنے کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی،مرکزی حکومت تمام متعلقہ صوبائی اداروں سے مل کر اس لعنت کے خلاف بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ جس میں پاکستان اینٹی نارکوٹیکس کا کردار بہت اہم ہے،آج ہم جو 86 میٹرک ٹن مختلف قسم کے منشیات نظر آتش کر رہے ہیں یہ ہمارے اداروں کے کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں کہا حکومت پاکستان منشیات کے عادی افراد کے لئے پاکستان میں قائم مختلف بحالی مراکز میں منشیات میں مبتلا لوگوں کی علاج معالجے کے لئے استعمال ہونے والی مخصوص دوائی کو استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہیں جس سے دنیا کے بہت سے ملکوں میں کامیابی کے ساتھ علاج کی جارہی ہے اس دوائی کو استعمال کرنے کے لئے مخصوص سینٹر قائم کئے جائیں گے تاکہ اس دوائی کو کوئی غلط استعمال نہ کر سکے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر محمد عنیق الرحمن نے پاکستان اینٹی نارکوٹیکس فورس کی جانب سے منشیات کے تدارک کے لئے پاکستان اور پوری دنیا میں اپنے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی آگاہی دی اور مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا۔اس دوران بیوٹمز کے طلباء نے منشیات کے خلاف ٹیبلو پیش کی اور گلو کاروں نے اپنے فن کا بھی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری،ریجنل ڈائریکٹر،اینٹی نارکوٹیکس فورس، ڈی آئی جی پولیس بلوچستان، سربراہ آر ڈی بلوچستان، ملک کے مایہ ناز ایتھلیٹس، کرکٹرز سینئر فنکار وں کے علاوہ اور یونیورسٹیز کے طلباء اور متعلقہ ایجنسیز کے اہلکار موجود تھے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے بٹن دبا کر منشیات نظر آتش کیا.