کراچی(آن لائن)وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ تمام منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین نے اپنے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ جماعت اسلامی کی گزشتہ ایک سال سے کئی خواہشیں رہی ہیں لیکن ان کی بدقسمتی ہے کہ ان کی کوئی خواہش پوری نہیں ہوئی ہے۔ جن 32 ووٹوں کا جماعت اسلامی ڈھنڈورا کررہے ہیں ان 32 ووٹوں کی ذمہ داری ان کی تھی ہماری نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈپٹی کمیشنر ایسٹ کے دفتر میں ٹاؤن چیئرمینز کی حلف برداری کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئکیا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں چنیسر ٹاؤن، سہراب گوٹھ ٹاؤن اور صفورا ٹاؤن کے پیپلز پارٹی کے نو منتخب چیئرمین فرحان غنی، لالہ رحیم اور راشد خاصخیلی اور وائس چیئرمین ندیم خیالی، محمد عمران اور عبد الحق بلوچ سے ڈپٹی کمیشنر ایسٹ ان کے عہدے کا حلف لینے کی تقریب میں شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، آصف خان و دیگر بھی موجود تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنان بھی ڈپٹی کمشنر آفس میں موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ صوبہ سندھ میں ایک طویل عرصہ سے بلدیاتی انتخابات کا عمل جاری تھا؛ وہ مکمل ہوا ہے۔ تمام منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین نے اپنے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے جس اعتماد کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پر کیا ہے یہ تمام منتخب نمائندے ان پر پورا اتریں گے۔۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی گزشتہ ایک سال سے کئی خواہشیں رہی ہیں لیکن ان کی بدقسمتی ہے کہ ان کی کوئی خواہش پوری نہیں ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی مئیر کے انتخابات ہار جانے کے بعد بھی جھوٹ پر جھوٹ بولتی جارہی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کو 193 نہیں بلکہ 160 ووٹ ملیں ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب کو 173 ووٹ ملے ہیں۔ انتخابات میں جس کو زیادہ ووٹ ملتے ہیں وہی کامیاب ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ جن 32 ووٹوں کا جماعت اسلامی ڈھنڈورا کررہے ہیں ان 32 ووٹوں کی ذمہ داری ان کی تھی ہماری نہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمینوں کا مئیر کے انتخابات میں نہ آنے کے سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی انتشار کا شکار ہے اور ان کے اس انتشار کے باعث ہمیں ضرور فائدہ ہوا ہے لیکن جماعت اسلامی اس کا ملبہ بھی ہم پر ڈالنا چاہتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پچھلے کئی برسوں سے عوام کی خدمت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کراچی کے عوام کو نہ صرف ووٹ دئیے بلکہ اس شہر کی سنگل لارج پارٹی بنا دیا ہے۔ کراچی کہ عوام نے جو اعتماد پیپلز پارٹی پر کیا ہے اور جو سلسلہ ہم نے کراچی کی خدمت کا شروع کیا ہے اس کو مزید بڑھایا جائے گا اور اب انشاء اللہ 13 ٹاؤن، 104 یوسیز اور مئیر کراچی کے پیپلز پارٹی کے ہونے کے بعد کراچی کے عوام کی مزید خدمت کی جائے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کی توقعات پر ضرور پورا اترے گی اور انشاء اللہ کراچی کے عوام جلد اس شہر میں نمایاں تبدیلی دیکھیں گے.
Load/Hide Comments



