سمندری طوفان تھم جانے کے بعد نقل مکانی کرنے والے گھرانوں کی واپسی شروع

ٹھٹھہ (آن لائن) سمندری طوفان بپر جواے کی طغیانی تھم جانے کے بعد نقل مکانی کرنے والے گھرانوں کی واپسی شروع ہو گئی ہے.پاک آرمی کے زیر انتظام کیمپوں میں لوگوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی گئی تھیں. ہلال احمر پاکستان کے چیئر مین سردار شاہد احمد لغاری کی ہدایت پر سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر لوگوں کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے تھے. ساحلی علاقوں میں موبائل اسپتالوں کا قیام یقینی بنایا گیا،ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا تھا. ہلال احمر کی ریسپانس ٹیم مستعدی کے ساتھ لوگوں کے انخلاء، کیمپوں میں دیکھ بھال کے کاموں میں مصروف رہی. 200 گھرانوں کو امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا. امدادی پیکج میں میں تارپولین شیٹس، بالٹیاں، ہاہیجین کٹس، مچھر دانیاں، جیری کین، کمبل شامل تھا. خاندانی روابط کی بحالی کے لیے آر ایف ایل آفیسر اور طبی عملہ اور رضاکار ہمہ وقت موجود رہے. سردار شاہد احمد لغاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سمندری طوفان کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور انتظامات کے باعث ہم نقصان سے محفوظ رہے ہیں. حکومت، پاک فوج، مقامی انتظامیہ اور ہلال احمر پاکستان کی حکمت عملی کی بدولت لوگوں کی اپنے اپنے ساحلی علاقوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ واپسی خوش آئند ہے. ہلال احمر پاکستان دکھی انسانیت کا پاسبان ہے. امدادی سامان کی فراہمی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ہلال احمر مشکل کی ہر گھڑی میں قوم اور ملک کے ساتھ کھڑا ہے. مقامی انتظامیہ نے ہلال احمر پاکستان کی کاوش کو سراہا ہے.