الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے، مسلم لیگ (ن) انتخابی مہم شروع کرچکی ہے، مریم اورنگزیب

لاہور(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے مسلم لیگ (ن) اپنی انتخابی مہم شروع کرچکی ہے، نوازشریف الیکشن سے قبل پاکستان میں ہوں گے،الیکشن میں کسی ممکنہ اتحاد کا فیصلہ وقت پر کیا جائے گا، 9 مئی واقعات کے قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پی ٹی آئی حکومت نے آتے ہی اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا جھوٹے مقدمات بنائے گئے،صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس اور ریلیف فراہم کیا جائے گا، موجودہ حکومت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلئے بل لے کر آئی ہے، بجٹ میں کم سے کم اجرت 32ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ لاہور میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا میڈیا پر پابندیاں لگائیں گئیں موجودہ حکومت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلئے بل لے کر آئی ہے پی ٹی آئی دور میں میڈیا سنسر شپ نافذ کردی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو بولنے کی اجازت نہیں تھی اپنی بات عوام تک پہنچانے کیلئے اپوزیشن کو صرف پریس کلب میں بات کرنے کا موقع ملتا تھا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مشکل حالات میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بہترین بجٹ پیش کیا ہے بجٹ میں کم سے کم اجرت 32ہزار روپے رکھی گئی ہے کم سے کم اجرت کے قانون کے نفاذ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باوجود رواں سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی گئی ہے کسانوں کو سبسڈی اور ریلیف دینے کیلئے بھی موجودہ حکومت نے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے مسلم لیگ (ن) اپنی انتخابی مہم شروع کرچکی ہے حکومت کی آئینی مدت اگست میں ختم ہو جائے گی،اگست میں آئینی مدت ختم ہونے پر نگران سیٹ اپ آ جائے گا اب نفرت، انتشار اور ہیجان کی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے عوام اب اس انتشار کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کیلئے کچھ کرکے دکھایا ہے اب پاکستان کے عوام ترقی اور خوشحالی کی سیاست سے مستفید ہونگے۔نوازشریف الیکشن سے قبل پاکستان میں ہوں گے،الیکشن میں کسی ممکنہ اتحاد کا فیصلہ وقت پر کیا جائے گا،ان کاکہناتھا کہ حکومت نے مشکل حالات میں متوازن بجٹ پیش کیا،جب بھی حکومت کا موقع ملا مہنگائی کم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آتے ہی اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا جھوٹے مقدمات بنائے گئے انتقام کی سیاست کو فروغ دیا گیا مگر اپوزیشن نے تمام جھوٹے مقدمات سے چھٹکارا حاصل کیا گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور خود ہی توڑ دیا پی ٹی آئی کے دور میں سب نے دیکھا کہ بجٹ کیسے پیش کیا جاتا تھا۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ترقی پر مشتمل بجٹ پیش کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پیکج نے آئی ٹی، زراعت، نوجوانوں اور خواتین جیسے شعبوں میں ترقی کی بھی حمایت کی۔ “یہ ملک میں تیز رفتار ترقی کو یقینی بنائے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی اپنی مہم پوری مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھے گی جب بھی عوام نے اسے اقتدار میں پہنچایا مسلم لیگ ن نے ترقی کی راہ ہموار کی۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی ملک کی حالت بدلی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی سب سے بڑی کامیابی ملکی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مشکل حالات کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی اور عوام کو ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹیاں انتخابات کے لیے متحد رہنا چاہتی ہیں تو پی ڈی ایم کی قیادت فیصلہ کرے گی لیکن مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر الیکشن لڑے گی۔ وزیر اطلاعات نے 9 مئی کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کو مناسب تحقیقات کی بنیاد پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔